ترک صدر

داعش کے سربراہ کے خلاف کارروائی شام کے علاقے جنداریس میں کی گئی،ترک صدر

انقرہ (عکس آن لائن)ترکش انٹیلی جنس فورسز نے شام میں کارروائی کرتے ہوئے داعش کے سربراہ ابو الحسین القریشی کو ہلاک کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انٹیلی جنس فورسز نے داعش کے سربراہ کو شام میں آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ داعش کے سربراہ کے خلاف کارروائی شام کے علاقے جنداریس میں کی گئی۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کافی عرصے سے داعش کے سربراہ ابو الحسین الحسینی القریشی کا تعاقب کررہی تھی۔

غیرملکی میڈیا نے شام کے مقامی اور سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کارروائی شمالی شام کے قصبہ جنداریس میں کی گئی، یہ علاقہ ترکیہ کے حمایت یافتہ باغی گروپ کے زیر کنٹرول ہے۔خبررساں اداروں کے مطابق جنداریس کے ایک رہائشی نے بتایا کہ علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئیں اور دھماکے کی آواز سنی گئی۔سیریئن نیشنل آرمی نے اب تک داعش کے سربراہ کے مارے جانے کی خبر پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔واضح رہے کہ نومبر 2022 میں داعش کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی کے مارے جانے کے بعد ابو الحسین الحسینی القریشی کو دہشتگرد تنظیم کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں