اشرف بھٹی

حکومت ہرگز ایسا کوئی اقدام نہ اٹھائے جس سے مزید افرا تفری اور انتشار جنم لے’ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ہرگز ایسا کوئی اقدام نہ اٹھائے جس سے معاشرے میں مزید افرا تفری اور انتشار جنم لے ، تاجر تنظیموں کی کال پر تاجروں نے مکمل ہڑتال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ہمیں نبی کریم ۖکی ناموس سے بڑھ کر کوئی بھی چیز عزیز نہیں ، ،حکومت اگر شروع میں مذہبی جماعتوں کی قیادت کو اپنے ساتھ لے کر مذاکرات کا راستہ اپناتی تو حالات اس قدر کشیدہ نہ ہوتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی، نعیم بادشاہ، حافظ عطاء جٹ ، شہزاد بھٹی سمیت مختلف مارکیٹوں کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستانی قوم ناموس رسالت ۖ کی عزت کیلئے متحدہے اور اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے حالات کشیدہ ہوئے جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ حکومت کو چاہیے تھا کہ اس حساس مسئلے پر مذہبی جماعتوں کی قیاد ت کو اپنے ساتھ لے کر مذاکرات کا آغاز کرتی او راس کا ضرور کوئی نہ کوئی حل نکل آنا تھا لیکن ناقص حکمت عملی کی وجہ سے حالات اس قدر کشیدہ ہوئے اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیموں کی کال پر تاجروں نے اپنا کاروبار مکمل بند رکھ کر ثابت کر دیا ہے ہمیں پیارے نبی ۖ کی ناموس سے بڑھ کر کوئی بھی چیز عزیز نہیں ہے او رہم نبیۖ کی عزت کے لئے اپنا جان و مال ہر چیز قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں