بلوچستان اسمبلی

حکومتی پارلیمانی لیڈر نے بلوچستان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا ذمہ دار اسپیکر قدوس بزنجو کو قرار دیا

کوئٹہ(عکس آن لائن ) بلوچستان اسمبلی میں حکومتی جماعت میں ہی دڑار پڑگئی، وزیراعلی جام کمال نے اپنے ہی اسپیکر پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلی بلوچستان کی صدارت میں حکومتی واتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپیکر اور اپوزیشن کے معاملےکو پارٹی کی سطح پر بھی اٹھایا جائے۔

وزیراعلی بلوچستان نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے، حکومتی پارلیمانی لیڈر نے بلوچستان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا ذمہ دار اسپیکر قدوس بزنجو کو قرار دیا۔ حکومتی نمائندے کا موقف تھا کہ قدوس بزنجو ذمہ دارانہ انداز میں کردار ادا کرتے تو یہ نوبت نہ آتی، اپوزیشن کے رویےسے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلے ایسا واقعہ رونما نہیں ہوا، جس ایوان پرہم سب کو فخر ہے اس کے تقدس کو اپوزیشن نے پامال کیا، معاملے کو بلوچستان عوامی پارٹی کی سطح پر بھی اٹھائیں گے،کیونکہ پارلیمنٹ کی بالادستی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں