حافظ آباد

حافظ آباد:عوام کی فلاح و بہبود اور علاقہ میں شروع ترقیاتی منصوبے بر وقت مکمل کر لیے جائیں

حافظ آباد(نمائندہ عکس آن لائن)کمشنر گوجرانوالہ سید گلزار حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور علاقہ کی تعمیرو ترقی کے لیے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبے بر وقت مکمل کر لیے جائیں تاکہ ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچیں اور علاقہ کے لوگ ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

انکا کہنا تھا کہ حافظ آباد میں یونیورسٹی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے قیام سمیت دریائے چناب پر نئے پل کی تعمیر سمیت دیگر میگا پراجیکٹ بروقت تیار کر لیے جائیںاور تمام ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں آئندہ اے ڈی پی کے لیے بھی ترقیاتی منصوبے تیار کر لیںتاکہ انکے لیے فنڈز کو مختص کرنے اور انکے اجراءکے حوالہ سے پیشگی اقدامات کیے جا سکیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈویژنل کوارڈنیشن کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا،ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی،سابق ایم این اے چودھری مہدی حسن بھٹی،ایم پی اے مامون جعفر تارڑ،میاں عزم عباس بھٹی،ملک پھول احمد اعوان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عدنان ارشاد چیمہ سمیت مختلف محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے ۔

کمشنر سید گلزار حسین شاہ نے حافظ آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کے حوالہ سے جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تما م جاری اسکیموں کو بروقت اور اسی سال میں مکمل کر لیا جائے ،تمام متعلقہ محکمے اس بات کو ہر لحاظ سے یقینی بنائیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل معیار کے مطابق ہے اور اگر کسی جگہ تعمیراتی کام معیار کے مطابق نہیں ہو رہا توٹھیکیدار اور متعلقہ ذمہ دار ادارے کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل اور کوالٹی کو چیک کریں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شروع ہونے والے بیشتر ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے جنہیں مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائےگا۔اس موقعہ پر ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حافظ آبادمیں یونیورسٹی ار نئے ہسپتال کے قیام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ مبشر الحسن نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں سیوریج،ڈرینج،سڑکوں گلیوں کی تعمیر،سمیت ایجوکیشن،ہیلتھ،اسپورٹس اور دیگر شعبوں کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں ۔

اجلاس میں کمشنر کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف حافظ آباد،چار سو بیڈ کے نئے جدید ہسپتال ،جلاپور بھٹیاں کے علاقہ میں دریائے چناب پر نئے پل کی تعمیر،حافظ آباد سے سکھیکی،حافظ آباد سے علی پورچٹھہ،قادر آباد ،جلاپور بھٹیاںروڈز کی تعمیر،نئے کالجز کے قیام سمیت دیگر میگا پراجیکٹ تےار کیے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے حافظ آباد میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز اور عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں