جھنگ

جھنگ:ڈپٹی کمشنرکی زیر صدرات ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد،اہم فیصلے کیے گئے

جھنگ(نمائندہ عکس آن لائن)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈکا اجلاس ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی زیر صدرات ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہوا،اجلاس میں 21رمضان المبارک کو یوم شہادت علی رضی اللہ عنہ ،عید الفطراور ممکنہ سیلاب کی صورتحال بارے اہم فیصلے کیے گئے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرور گجر ، اسسٹنٹ کمشنر قاسم گل ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اصغر ،پولیس ،ریسکیو1122،انفارمیشن ،ایریگیشن اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ مذکورہ ایونٹس میں ہر محکمے کا اہم کردار ہے اور ہم سب نے ٹیم ورک کے تحت کام کرنا ہے ،ہمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہنا چاہیے ،تمام محکمے اس بارے میں اپنے پلان انتظامیہ کو دیں ۔

انہوں نے کہا کہ21رمضان المبارک کو کورونا کے باعث حکومتی ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد کرایا جائے گا ، عید کی نماز پر 1510پولیس اہلکار اجتماعات میں ڈیوٹی انجام دیں گے ، کھلے مقامات پر نماز عید ہوگی، جس کے لئے سکیورٹی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے ،کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر عید پر ایس او پیز پر عمل درآمد اور سماجی فاصلہ پر عمل کرایا جائے گا ،اس مرتبہ حالات کے پیش نظر عید کو سادگی سے منانے کے لیے عوام سے خصوصی اپیل ہے۔ پولیس ، ہیلتھ ،ریسکیو 1122اور دیگر محکمے آپس میں رابطے میں رہیں،

ہمہ قسم کاسکیورٹی پلان مرتب کیاجائے ، جس کے تحت گلیوں اور چھتوں پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے ۔ تمام روٹس میں حائل بجلی کی تاروں کو کلیئر کروانے کے لئے واپڈاپنی خدمات انجام دے گا ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کے فرقہ واریت یا انتہا پسندی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ اسلحہ اور لاوڈ سپیکر کی کوئی گنجائش نہیں، بصورت دیگر قانون کو حرکت میں لایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب کے باعث موک مشقوں ،حفاظتی بندوں کی مرمت کو یقینی بنایا جائے اور تمام محکمے اپنے انتظامات کو ممکن بنائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں