برآمدات

جولائی میں نان ٹیکسٹائل برآمدات میں 11 فیصد کمی

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس)کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق طلب میں کمی کے باعث نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں 11 فیصد کم ہو کر 77 کروڑ 3 لاکھ ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں 86 کروڑ 8 لاکھ ڈالر تھیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نان ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں کمی تمام شعبوں خصوصاً ویلیو ایڈڈ سیکٹرز میں نوٹ کی گئی، حال ہی میں ختم ہونے والے مالی سال 2022 میں نان ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 25.85 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ویلیو ایڈڈ چمڑے کے شعبے میں چمڑے سے بنے ملبوسات اور چمڑے کے دستانوں کی برآمدات میں بالترتیب 22.85 فیصد اور 14.51 فیصد کمی دیکھی گئی، اسی طرح جولائی کے دوران خام چمڑے کی برآمدات میں بھی 4.66 فیصد سے زائد کمی نوٹ کی گئی۔پاکستان سرجیکل آلات کے بڑے عالمی سپلائرز میں سے ایک ملک ہے، تاہم پاکستانی آلات کو مغربی ممالک میں معروف برانڈز کے ناموں کے ساتھ مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ان مصنوعات کی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی بہت معمولی رہ جاتی ہے۔

گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے جولائی 2022 میں آلات جراحی کی برآمدات میں 13.24 فیصد کمی ہوئی جب کہ زیر جائزہ ماہ کے دوران دواسازی کی مصنوعات کی برآمدات میں 1.44 فیصد کمی ہوئی۔جوتوں کی برآمدات میں 28.03 فیصد سالانہ اضافہ ہوا جب کہ جولائی 2022 میں انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں سالانہ 6.97 فیصد کمی ہوئی۔دوسری جانب، الیکٹرک پنکھوں کی برآمدات میں زیر جائزہ ماہ کے دوران 16.19 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔قالین کی برآمدات میں 35.60 فیصد جب کہ کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں جولائی میں 10.90 فیصد اضافہ ہوا۔کھیلوں کا سامان بنانے والی صنعت میں فٹ بال کی فروخت میں اس سال جولائی میں سالانہ 32.35 فیصد اضافہ دیکھا گیا، پاکستان قطر کے شہر دوحہ میں نومبر میں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے فٹ بال فراہم کرنے والا آفیشل ملک ہے۔حکومت نے 2021.22 کے بجٹ میں کئی اقدامات تجویز کیے تھے جن میں فارماسیوٹیکل، پلاسٹک، کیمیکل، انجینئرنگ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لیے خام مال کی ڈیوٹی میں کمی بھی شامل تھی۔ادارہ شماریات کے مرتب کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خوراک کے شعبے میں جولائی میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 6.57 فیصد اضافہ ہوا۔خورات کے شعبے میں چاول کی برآمدات میں جولائی میں سالانہ 0.86 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی جس کی بنیادی وجہ باسمتی چاول کی برآمدات میں کمی ہے۔

اعداد و شمار کے مزید جائزے سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ باسمتی کی برآمدات میں آمدنی کے لحاظ سے 22.72 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے 35.96 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جب کہ غیر باسمتی چادل کی برآمدات میں قیمت کے لحاظ سے 15.09 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے 7.19 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح زیر جائزہ مدت کے دوران مسالوں کی برآمدات میں 10.61 فیصد کمی ہوئی جبکہ آئل سیڈز، میوہ جات اور پھل کی بر آمدات میں 29.96 فیصد کم ہوئی۔گزشتہ سال جولائی 2022 میں گوشت اور اس کی مصنوعات کی برآمد میں 7.88 فیصد اضافہ ہوا، مچھلی کی مصنوعات کی برآمد میں 30.02 فیصد، سبزیوں میں 161 فیصد اور تمباکو کی برآمدات میں 415 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں