جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں 7 روزہ کورس اختتام پذیر، ملک بھر سے ڈاکٹرز شریک، سرٹیفکیٹس تقسیم

لاہور(عکس آن لائن)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں شعبہ امراض چشم کے ینگ ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے 7روز تک جاری رہنے والا تربیتی کورس اختتام پذیرہو گیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد معین کی سربراہی میں ہونے والے اس تربیتی کورس میں ملک بھر سے ایف سی پی ایس، ایم ایس اورایف آر سی ایس ڈاکٹرز نے شرکت کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر حسین احمد خاقان سمیت دیگر سینئر معالجین نے مستقبل کے ماہرین امراض چشم کو آنکھوں کی مختلف بیماریوں اور اُن کے جدید طریقہ علاج سے متعلق تفصیلی لیکچرز دئیے اور علاج معالجے کی جدید تکنیک کے حوالے سے عملی مظاہرہ بھی کیا۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس 7روزہ تربیتی کورس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آنکھوں کی بیماریوں سے محفوظ رہنے اور بصارت بر قرار رکھنے کے لئے دیگر جسمانی اعضاء کی طرح آنکھوں کی بھرپور حفاظت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں متعدد وجوہات کی بنا پر آنکھوں کے امراض خصوصاً نابینا پن میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے لئے مستند معالجین کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ایسے تربیتی کورس اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ آنکھوں کے امراض کے ماہرین کو چاہیے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ تعلیم اور مہارت میں اضافے کے لئے تربیتی کورسز اور ورکشاپس میں باقاعدگی سے شرکت کریں تاکہ آنکھوں کی مرض کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی کورس نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت میں معاون ثابت ہوگا اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی یہ کاوش لائق تحسین ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ آنکھیں انتہائی حساس ہوتی ہیں اور ان کے علاج کے لئے جدید تکنیک سے استفادہ ضروری ہے جس کیلئے ایسے تربیتی کورسز ہوتے رہنا چاہئیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعبہ امراض چشم جنرل ہسپتال کے سربراہ پروفیسر محمد معین کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈاکٹرز میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان ڈاکٹرز اعلیٰ تعلیم کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ گنوائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی علم کی پیاس کبھی نہیں کم ہوتی اور وہی ڈاکٹر اپنے شعبے میں ترقی کرے گا جس کے پاس ٹیکنالوجی پر مکمل عبور اور پیچیدہ بیماریوں سے متعلق بھرپور معلومات ہوں۔پروفیسر حسین احمد خاقان نے ڈاکٹرز کو امتحانات کے طریقہ کار کے حوالے سے بتایا جبکہ کورس کے اختتام پر سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے اور شرکاء نے پروفیسر محمد معین کی کاوشوں کی تعریف کی جن کے باعث اس کورس کا انعقاد ہوا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے یہ پانچواں تربیتی کورس تھا جو ڈاکٹرز کی تربیت کے لئے منعقد ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں