فیصل آباد(عکس آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت پنجاب نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران صوبہ بھر کے تمام ڈویژنل ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ، تحصیل ہیڈ کوارٹر و دیگر ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں ایمر جنسی سٹاف موجود رکھنے کی ہدائت کی ہے جبکہ سرجنز ، فزیشنز ، سپیشلسٹس، ٹیکنیشنز ، نرسنگ سٹاف ، دیگر ہیلتھ اہلکار بھی آن کال رہیں گے اور انہیں بغیر اجازت سٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتا یا کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری نمٹنے اور بر وقت طبی امداد کی فراہمی کیلئے مذکورہ احکامات جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایمر جنسی یونٹس میں ضروری ادویات بھی ذخیرہ رکھنے کی ہدائت کی گئی ہے۔