اسلام آباد(عکس آن لائن) یورپی یونین میں شامل ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ترسیلات زر ملک بجھوانے کی شرح میں 9.57 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق جولائی 2019ء سے لیکر فروری 2020ء کے اختتام تک یورپی یونین میں شامل ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 431 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلے میں 9.57 فیصد زیادہ ہے گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں یورپی یونین میں مقیم پاکستانیوں نے 393.48 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ فروری 2020ء میں یونین ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے جانب سے ترسیلات زر کا حجم 44.66 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال فروری میں یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 37.70 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔سب سے زیادہ زرمبادلہ سپین میں مقیم پاکستانیوں کی جانب بھجوایا گیا جس کا حجم 98.99 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اس عرصہ میں 96.16 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا گیا۔ یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلے میں 10.70 فیصد زیادہ ہے۔
اس طرح جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے اس عرصہ میں 83.03 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں مجموعی طور پر 9.63فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔