لاہور(عکس آن لائن )انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک سب سے زیادہ ہے او ریہ کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہو سکتا ، حکومت کی کامیابیوں کے نتیجے میں انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں اس میں مزید اضافہ ہوگا،مسلم لیگ (ن) اپنے دور کے گروتھ ریٹ کا ڈھنڈورا تو پیٹتی ہے لیکن قوم کو یہ بھی بتائے کہ جب تحریک انصاف کو حکومت ملی تو اس وقت کرنٹ اکائونٹ خسارہ اور قرضوں کا بوجھ کس سطح پر تھا ،کورونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے باوجود حکومت منشور کے مطابق وعدوں کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے ۔
حلقہ این اے 127کے مرکزی دفتر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء آنے سے پہلے غیر جانبدار عالمی ادارے یہ کہہ رہے تھے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں سفر شروع کر چکی ہے اور اسی وجہ سے کئی دہائیوں سے اقتدار کی باریاں لینے والی مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی تھیں۔ کورونا وائرس کی وباء کے باوجود حکومت نے صنعت، زراعت، ایس ایم ایز اور تعمیراتی شعبے کیلئے تاریخ پیکج دیا ہے اور انشا اللہ اس سے ہماری معیشت کا پہیہ جلد اپنی پوری رفتار سے گھومے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ چھ اور مسلم لیگ (ن) چار دہائیوں سے حکومتوں میں ہے لیکن عمران خان نے 22سال کی انتھک جدوجہد سے انہیں چاروں شانے چت کر دیا ہے ۔