مسرت چیمہ

تحریک انصاف مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانا چاہتی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری ہیجان کی کیفیت ختم کرنے کیلئے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھے ہیں ، عوام موجودہ حالات میں ہر سیاسی جماعت اور اس کی قیادت کے کردار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ، انتخابات کے انعقاد میں تاخیر حربے ملک کے معاشی مسائل میں اضافے کا سبب ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ انتخابات کے ذریعے سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ہو اور ملک معاشی طور پر آگے بڑھے ،جس طرح کے حالات پیدا ہو گئے ہیں کوئی بھی غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ان شا اللہ تحریک انصاف کی حکومت کے اقتدار میں آتے ہی اوورسیز پاکستانی ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے باہر نکالنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مذاکرات کے جاری عمل کے دوران مولانا فضل الرحمان ،خواجہ آصف اور طلال چوہدری جیسے عناصر کی بیان بازی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ انہیں ملک کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں ، ہم کھلے ذہن کے ساتھ مذاکرات میں موجود ہیںاور ان کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں