اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا معاشی امور پر باتیں کرنا ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا کے مترادف ہے، بہتر ہے کہ بلاول زرداری معاشی امور پر تبصروں سے گریز کریں۔جمعرات کو وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری کی معاشی امور پر باتیں ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا کے مترادف ہیں بہتر ہے کہ بلاول زرداری معاشی امور پر تبصروں سے گریز کریں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ بھارت کی معاشی گروتھ ریٹ منفی، برطانیہ منفی 9.9، بنگلہ دیش 1.6، ترکی 1.8، فیصد پر کھڑا ہے اور پاکستان کی معاشی گروتھ 4 فیصد پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد اشیاءکی قیمتوں پر عملدرآمد صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، بلاول زرداری بتائیں سندھ میں مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کےلئے کتنی کارروائی کی ہیں، سندھ حکومت صوبے میں صنعتوں کو پروان چڑھانے کےلئے نئی صنعتی زونز کیوں قائم نہیں کر رہے ہیں، اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہاتھا کہ تحریک انصاف حکومت نے گندم کی ریکارڈ پیداوار کا دعویٰ کیا ہے لیکن صرف ایک سال میں آٹا28فیصد مہنگا ہوا ہے،ایک سال میں چینی 21فیصد مہنگی ہوئی، حکومت معاشی محاذ پر ناکام ایکسپوز ہو چکی ہے، اس حکومت کے پاس تو تنخواہوں کی ادائیگی کے بھی پیسے نہیں ہیں، قرض لے کر کام چلایا جا رہا ہے۔