روہت شرما

بھارتی مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کے لئے نامزد

نئی دہلی (عکس آن لائن) بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ (بی سی سی آئی) نے مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما کو راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے، یہ بھارت میں کھیل کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔

ان کے علاوہ بورڈ نے بھارتی ٹیم کے فاسٹ باؤلر ایشانت شرما، اوپننگ بلے باز شیکھر دھون اور بھارتی ویمنز ٹیم کی آل راؤنڈر دیپیتی شرما کو ارجن ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے۔روہت شرما کو 2019ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر راجیو گاندھی کھیل رتنا ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔انہوں نے پہلی مرتبہ 2019ء میں کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچوں میں 92.66 کی اوسط سے 556 رنز اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 57.30 کی اوسط سے 1657 رنز بنائے جس میں ایک ورلڈ کپ میں پانچ سنچریوں کا غیر معمولی کارنامہ بھی شامل ہے۔

روہت شرما اگر یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو گئے تو سچن ٹنڈولکر، مہندرا سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی کے بعد وہ یہ اعزاز پانے والے چوتھے کرکٹر بن جائیں گے۔بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے بہت سوچ وچار کے بعد کھلاڑیوں کے سارے اعداد و شمار کو سامنے رکھتے ہوئے اور نامزدگان کو شارٹ لسٹ کرنے سے پہلے مختلف پیرامیٹرز پر غور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روہت شرما نے ایک بلے باز کی حیثیت پورا سال شاندار کارکردگی سے اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آراء کے مطابق روہت نے کھیل کے چھوٹے فارمیٹس (ٹی ٹونٹی) میں ممکنہ سکور حاصل نہیں کیے تاہم انہوں نے کہاکہ ہمیں لگتا ہے کہ روہت پرعزم، طرز عمل، مستقل مزاجی اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث کھیل رتنا ایوارڈ کے قابل ہیں۔گنگولی نے کہا کہ ایشانت شرما بھارتی ٹیسٹ سکواڈ کا سب سے سینئر ممبر ہے اور بھارتی ٹیم کی ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون ٹیم کی حیثیت ان کی شراکت اہم رہی ہے۔ شیکھر دھون نے کارکردگی میں اپنی مستقل مزاجی کو قائم رکھا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مقابلوں میں ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔ دیپیتی شرما ایک حقیقی آل راؤنڈر ہیں اور ٹیم میں ان کی شراکت اہم رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں