صنم جنگ

بچے کی پیدائش کے وقت وزن بڑھنے کے بعد جسامت کے اتنے طعنے دیئے گئے،صنم جنگ

کراچی (عکس آن لائن)اداکارہ و میزبان صنم جنگ نے کہا ہے کہ اپنے ہاں بچے کی پیدائش کے وقت وزن بڑھنے کے بعد انہیں جسامت کے اتنے طعنے دیے گئے کہ انہوں نے ٹی وی پر کام نہ کرنے کا عہد کرلیا تھا۔صنم جنگ نے بتایا کہ خواتین کو جسامت کا تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ فیشن ہائوسز کے پاس بھی فربہ خواتین کے لیے کوئی دیدہ زیب لباس نہیں ہوتا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ جب بچے کی پیدائش کے بعد ان کا بھی وزن بڑھا تو فیشن ڈیزائنرز کے پاس ان کے سائز کا لباس نہیں تھا۔

اداکارہ و میزبان کا کہنا تھا کہ بچے کی پیدائش کے وقت ان کا وزن بڑھا تو سوشل میڈیا پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی جسامت پر فقرے کسے، جس وجہ سے ان کی ذہنی صحت مزید متاثر ہوئی۔میزبان کے مطابق اس وقت وہ پہلے ہی بچے کی پیدائش کے باعث ڈپریشن کا شکار تھیں اور لوگوں نے ان کی جسامت پر باتیں کرکے انہیں مزید پریشان کردیا۔صنم جنگ نے بتایا کہ لوگوں کی تنقید کے بعد انہوں نے ٹی وی پر کام نہ کرنے کا عہد کرلیا تھا لیکن پھر انہیں شوہر نے ہمت دی اور کہا کہ وہ لوگوں کی باتوں کی طرف دھیان نہ دیں۔میزبان نے انکشاف کیا کہ لوگوں کی تنقید کے بعد جب انہوں نے دوبارہ مارننگ شو کرنا شروع کیا تو وہ اپنے وزن کی وجہ سے اتنی خوفزدہ تھیں کہ پروگرام کے دوران خود کے آگے کرسیاں رکھ دیتی تھیں تاکہ ان کا پیٹ اور آدھا جسم نظر نہ آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں