ضمنی بلدیاتی انتخاب

بلوچستان کے 4 اضلاع کے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں 223 امیدوار حصہ لیں گے

اسلام آباد (نمائندہ عکس)الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ چار اضلاع کی 11 یونین کونسلوں کے 65 وارڈز کی جنرل نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 27 ستمبر کو ہو رہے ہیں، انتخابات میں مجموعی طور پر 223 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا،بلوچستان کے چار اضلاع موسی خیل، مستونگ، دکی اور لورالائی کی 11 یونین کونسلوں کے 65 وارڈز میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے 28 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم ان حلقوں میں سیلاب اور بارشوں کے باعث پولنگ کا عمل موخر کر دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نئے شیڈول کے مطابق 27 ستمبر کو چاروں اضلاع کے 65 وارڈز میں مجموعی طور پر 34 ہزار 715ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ضلع موسیٰ خیل کی چار یونین کونسلوں کے 30 وارڈز میں 12 ہزار 802 ووٹرز، مستونگ کی چار یونین کونسلوں کے 22 وارڈز میں 17 ہزار 332، دکی کی 2 یونین کونسلوں کے 12 وارڈز میں 3,598 اور لورالائی کی ایک یونین کونسل کے ایک وارڈ میں 983 ووٹرز حق رائے دہی کا حق استعمال کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 65 وارڈز کیلئے 67 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں پولنگ کا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 4 اضلاع کی 11 یونین کونسلوں کے 65 وارڈز پر ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں 223 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں