پرویزحنیف

برآمدات کے فروغ کیلئے طویل المدت پالیسی ناگزیر ہے ‘پرویزحنیف

لاہور(نمائندہ عکس)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھائو کی وجہ سے تذبذب کی صورتحال ہے ،برآمدات کے فروغ کیلئے طویل المدت پالیسی ناگزیر ہے ، ایس ایم ای سیکٹر کی ویلیو ایڈیشن کر کے اسے برآمدات سے جوڑا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

پرویز حنیف نے کہا کہ برآمدات اور درآمدات میں وسیع خلیج کی وجہ سے ہماری معیشت شدید مشکلات سے دوچار ہے ، 31ارب ڈالر کی برآمدات والا ملک 80ارب ڈالر سے زائد کی درآمدات کر رہا ہے ۔ حکومت انڈسٹری کیلئے درکار خام مال کے علاوہ ہر طرح کی غیر ضروری مصنوعات کی درآمدپر سختی سے پابندی عائد کرے ۔ لگژری مصنوعات کی درآمد کرنے والوںکیلئے ڈیوٹیز اور ٹیکسز بڑھائے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ عالمی اداروں سے قرض اور دوسرے ممالک سے ملنے والی امداد کے بل بوتے پر کتنے دیر تک زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھیں گے اب ہمیں اس دیرینہ عادت کو چھوڑ دینا چاہیے ۔ برآمدات کے فروغ کے لئے چھوٹے چھوٹے سے شعبے کو بھی نظر انداز کرنے کی بجائے اس کی سرپرستی کی جائے ۔ خاص طور پر ایس ایم سیکٹر کو ویلیو ایڈیشن کی طرف لایا جائے اور اسے برآمدات سے جوڑا جائے ۔ بہت سے ممالک صرف کی ایس ایم ای سیکٹر کی برآمدات کا حجم ہماری برآمدات سے کئی گنا زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں