عمر ایوب خان

بجلی کے نرخ وقت کے ساتھ ساتھ کم کررہے ہیں ،عمر ایوب خان

اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیرتوانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ماحول دوست قابل رسائی سستی توانائی سب کا حق ہے، بجلی کے نرخ وقت کے ساتھ ساتھ کم کررہے ہیں ، توانائی شعبے میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرتوانائی عمر ایوب خان نے کہا حکومت نے توانائی کے شعبے کوخصوصی اہمیت دی ہے، ملکی معیشت اورترقی کا دارومدارتوانائی کے شعبے سے ہے، ماحول دوست قابل رسائی سستی توانائی سب کا حق ہے۔

وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ آج75فیصدبجلی درآمدشدہ ایندھن سے بن رہی ہے، توانائی کے وسائل کے حصول کیلئے بھاری زرمبادلہ استعمال ہورہا ہے، سستے انرجی مکس پرتوجہ دےرہے ہیں تاکہ صنعتوں کوسستی بجلی ملے، بجلی کے نرخ وقت کے ساتھ ساتھ کم کررہے ہیں۔عمر ایوب خان نے کہا 2025 تک25 فیصد اور 2030تک 35 فیصد بجلی آبی وسائل سے حاصل ہوگی، قابل تجدیدتوانائی کے حوالے سے منصوبے اس کے علاوہ ہوں گے، ان اقدامات سے روزگار کے مواقع ملیں گے اور معیشت مستحکم ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہوا ہے، توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، معیشت کودستاویزی شکل دینے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، توانائی کے شعبے کی بہتری کیلئے نئی انرجی پالیسی لارہے ہیں، توانائی شعبے میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں