کراچی (عکس آن لائن)سینئر ادکار شمعون عباسی نے فیروز خان اور دیگر شوبز شخصیات کے درمیان چلنے والی ڈیجیٹل جنگ پر بات کرتے ہوئے تمام شخصیات کو صبر کرنے اور ایک دوسرے کا احترام کرنے کی ہدایت کردی۔شمعون عباسی نے فیس بک پر اپنی ویڈیو میں کہا کہ ان سے فیروز خان اور شوبز شخصیات کے درمیان ہونے والے تنازع سے متعلق پوچھا جا رہا ہے، جس پر وہ اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ نہ تو فیروز خان کی حمایت کر رہے ہیں اور نہ ہی دوسری شخصیات کی مخالفت کر رہے ہیں، تاہم وہ سب کو یہ ضرور کہیں گے کہ ایک دوسرے کے معاملات میں ٹانگ نہ اڑائیں اور محبت کے ساتھ رہیں۔
شمعون عباسی نے فیروز خان اور ان کی سابق اہلیہ کے درمیان چلنے والے تنازعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہزاروں سال سے میاں اور بیوی کے درمیان جھگڑے اور تنازعات چلتے آ رہے ہیں۔اداکار کا کہنا تھا کہ میاں اور بیوی کے درمیان بہت کچھ ہوتا رہتا ہے اور ایسا ہوتا رہے گا لیکن دوسروں کو ان کے معاملات میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہئیے۔شمعون عباسی نے ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ ماضی میں انہوں نے فیروز خان کی بہن حمیمہ ملک سے شادی کی تھی اور ان کے درمیان بھی طلاق ہوجانے کے بعد ان سے متعلق بہت کچھ کہا گیا۔
اداکار کے مطابق میاں اور بیوی کا تنازع اس وقت بڑھ جاتا ہے جب سوشل میڈیا پر دوسرے لوگ دونوں میں سے کسی ایک کو سپورٹ اور ایک کی مخالفت کرنے لگتے ہیں۔شمعون عباسی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر حمایت ملنے کے بعد کسی کو لگتا ہے کہ ان کے ساتھ پوری دنیا ہے اور پھر یوں ہی لوگ میاں اور بیوی کے معاملات کو اچھالتے اور بڑھاتے رہتے ہیں۔اداکار نے یہ کہا کہ پہلے تو ہم سب کو یہ سمجھنا چاہئیے کہ مذکورہ معاملہ فیروز خان اور ان کی سابق اہلیہ کا ذاتی معاملہ تھا، اس میں ہمارا کوئی لینا دینا نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ لیکن جب فیروز خان کے معاملے پر دوسرے لوگوں نے مداخلت کی تو یقینی طور پر فیروز خان کو کچھ برا لگا ہوگا اور انہوں نے اپنا رد عمل دیا ہوگا۔