ڈس انفیکشن بوتھ

ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے چار ڈس انفیکشن بوتھ قائم کئے جائیں گے،احمد عزیز تارڑ

لاہور(عکس آن لائن) لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ کی ہدایت پر ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے چار ڈس انفیکشن بوتھ قائم کئے جائیں گے۔

چیف انجینیر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوا کی زیر نگرانی اس سلسلے میں کام شروع کر دیا گیا ہےاور ابھی تک ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن میں ایک ڈس انفیکشن بوتھ قائم کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے اس بوتھ کا معائنہ کیا اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس سے قبل ایل ڈی اے آفس کے داخلی دروازوں پر ملازمین اور دیگر افراد کے افراد کے عمارت میں داخلے سے پہلے ہاتھ دھونے کے لئے خودکار ٹونٹیوں والے واش بیسن لگائے جا چکے ہیں۔اس کے علاوہ ان دروازوں پر سینیٹائیزر بھی مہیا کیا گیا ہے۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ایجنسی واسا نے بھی ڈس انفیکشن بوتھ تیار کرلیا ہے۔واسا کی طرف سے اہم مقامات پر شہریوں کے ہاتھ دھونے کے لئے 20 واٹر ٹینکر مہیا کیے گئے ہیں۔واسا کی طرف سے مقامی طور پر ہینڈ سینیٹائزر بھی تیار کیا گیا ہے جبکہ کلورین ملے پانی سے سڑکوں پر سپرے بھی کیا جارہا ہے۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر واسا ایل ڈی اے نے شہر کی سڑکوں پر جراثیم کش سپرے کرنے کے لئے مسٹ کوئین کے نام سے دو خصوصی گاڑیاں بھی تیار کر لی ہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے دو روز قبل محکمہ بلدیات کی طرف سے تیار کی جانے والی ایسی گاڑیوں کی طرف سے مسٹ سپرے کے مظاہرے کا معائنہ کیا تھا۔انہوں نے اس موقع پر واسا کو بھی دو ایسی گاڑیاں تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔یہ گاڑیاں کرونا سے بچاؤ کے لیے مختلف علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں