ایشیا کپ

ایشیا کپ 2022،پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دیدی

شارجہ (عکس آن لائن)پاکستان نے ایشیا کپ کے اہم میچ میں 2 وکٹوں پر 193 رنز بنانے کے بعد شاداب خان سمیت دیگر باؤلرز کی تباہ کن کارکردگی کی بدولت ہانگ کانگ کی غیرمعروف ٹیم کو صرف 38 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 155 رنز سے جیت لیا،پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 193 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 38رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔کپتان بابر اعظم ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں بھی ناکام رہے اور 9 رنز بنا کر 13 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔محمد رضوان اور فخر زمان نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا اور آٹھویں اوور کی دوسری گیند میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

دونوں تجربہ کار بلے بازوں نے 81 گیندوں پر 116 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔فخر زمان 41 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ آغاز کیا تاہم آخری لمحات میں انتہائی جارحانہ انداز اپنایا اور 15 گیندوں میں 5 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر ٹیم کو ایک بڑے اسکور تک پہنچایا۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 193 رنز بنائے۔محمد رضوان نے 57 گیندوں کا سامنا کیا، 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 78 رنز بنائے، خوشدل شاہ نے 15 گیندوں میں 35 رنز بنائے۔پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔پوری ٹیم صرف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔یوں پاکستانی ٹیم نے 155 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ہانگ کا نگ کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہوسکا۔ کپتان نزاکت خان 8 رنز بناکر نمایاں رہے،ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4،محمد نواز نے 3 اور نسیم شاہ نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں