ایشیائی ترقیاتی بنک

ایشیائی ترقیاتی بنک کی پاکستان کیلئے مزید دوملین ڈالرکی گرانٹ کی منظوری

اسلام آباد (عکس آن لائن) ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی)نے کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں کے ضمن میں پاکستان کیلئے مزید دوملین ڈالرکی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔

یہ گرانٹ ایشیاء بحرالکاہل ڈیزاسٹررسپانس فنڈ سے دی جائیگی اوراس سے طبی ہنگامی سامان وآلات، طبی عملہ کیلئے ذاتی حفاظت کے آلات، تشخیصی لیبارٹریز اوران میں استعمال ہونے والا سامان اوردیگرآلات کی خریداری عمل میں لائی جائیگی۔20 مارچ کواے ڈی بی نے پاکستان کو کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 5 لاکھ ڈالرکی گرانٹ کی منظوری دی تھی، یہ رقم اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف کے ذریعے طبی آلات کی خریداری کیلئے استعمال میں لائی جارہی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے بنک کی جانب سے پاکستان کیلئے یہ ابتدائی معاونت ہے اوریہ سلسلہ جاری رہے گا۔بنک کے کنٹری ڈائریکٹرژیاوہانگ ینگ نے کہاہے کہ کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے پاکستان پرجو بوجھ پڑاہے ہمیں اس کااحساس ہے، بنک کرونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہاکہ اس معاونت سے پاکستان میں کرونا کی نشاندہی، تشخیص اورانفیکشن پرقابوپانے کی پاکستان کی استعدادمیں بہتری آئیگی۔ عالمی ادارہ صحت کی اپیل پراے ڈی بی رکن ممالک میں ضروری طبی آلات اورسازوسامان کی سہل اور آسان خریداری میں معاونت فراہم کررہاہے۔ بنک نے ابتدائی طورپررکن ممالک کیلئے 6.5 ارب ڈالرکی معاونت کااعلان کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں