اقتصادی استحکام

ایشیائی ترقیاتی بنک نے اقتصادی استحکام کیلئے پاکستان کی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو سراہا

واشنگٹن (عکس آن لائن ) ایشیائی ترقیاتی بنک نے اقتصادی استحکام کیلئے پاکستان کی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو سراہا تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہماراایک اہم مالیاتی شراکت دار ہے جبکہ مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا پاکستانی معیشت اب ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔واشنگٹن میں مشیرخزانہ حفیظ شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر Takehiko Nakao نے کہاکہ بنک پاکستان کاایک اہم مالیاتی شراکت دار ہے۔

مشیرخزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر کو حسابات جاریہ کے خسارے میں موثرطورپرکمی لانے سے متعلق حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔مشیرخزانہ نے عالمی بنک کے جنوبی ایشیائی خطے کے نائب صدر اور ان کی ٹیم سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان میں عالمی بینک کے منصوبوں کا جائزہ لیاگیا جبکہ پاکستان اورعالمی بنک کے درمیان مالیاتی تعاون کومزیدمستحکم بنانے کے امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔عالمی مالیاتی کارپوریشن کی نائب صدر NENA STOILJKOVIC نے حفیظ شیخ کے ساتھ ملاقات میں سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کی ادائیگیوں کی ڈھانچہ سازی کیلئے مشاورتی خدمات فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔

دوسری طرف مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ پاکستانی معیشت اب ترقی اوراستحکام کی راہ پرگامزن ہے۔وہ واشنگٹن میں دورہ کرنے والی پاکستان کی معاشی ٹیم کے اعزاز میں پاکستانی بزنس کونسل کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں اظہارخیال کررہے تھے۔ڈاکٹرحفیظ شیخ نے شرکا کوملک کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اور ان سے کہاکہ وہ سازگار اورسرمایہ کاردوست ماحول کے تناظر میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ادھر واشنگٹن میں سٹینڈرڈچارٹرڈبنک کے عالمی سرمایہ کاری فورم میں اظہارخیال کرتے ہوئے مشیرخزانہ نے شرکا کوپاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال کے بارے میں بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں