واشنگٹن (عکس آن لائن) امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایران کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب شام سے نکل سکتا ہے۔ایرانی امور کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے برائن ہْک کے مطابق ایران کے پاس شام سے انخلاء کی اب زیادہ وجوہات موجود ہیں۔
ایک انٹرویو میں برائن ہک نے کہا کہ امریکہ کو شام میں ایرانی فورسز کا تدبیری انخلا نظر آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تہران کا ایجنٹوں کے ذریعے مشرق وسطی میں جنگ کا جوش حالیہ عرصے میں ماند پڑا ہے۔ بالخصوص جبکہ ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 7 ہزار سے زیادہ افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ذمے داران سمجھتے ہیں کہ اموات کی حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
ادھر امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگوس نے کہا کہ ایران کیخلاف انتہائی دباؤ کی پالیسی کا مقصد اسے مجبور کرنا ہے کہ وہ عام ریاست کی طرح برتاؤ کرے اور بات چیت میں شرکت کو قبول کرے۔ ترجمان نے باور کرایا کہ گیند اب ایران کے کورٹ میں ہے۔