امریکی فوج

امریکی فوج نے اپنے پائلٹس کو عارضی طور پر گرائونڈ کردیا

واشنگٹن (عکس آن لائن)امریکی فوج نے اپنے پائلٹس کو عارضی طور پر گرائونڈ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کے سربراہ کی جانب سے یہ فیصلہ حال ہی میں رونما ہونے والے پے درپے حادثات کی وجہ سے کیا گیا ہے جس کے بعد امریکی چیف آف آرمی اسٹاف نے اہم آپریشنز میں حصہ نہ لینے والے پائلٹس کو فوری طور پر گرانڈ کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔حالیہ چند ہفتوں میں امریکی فوج کے ہیلی کاپٹروں کو پیش آنے والے حادثات اور ان میں ہلاکتوں کی وجہ سے پائلٹس کی مزید مطلوبہ تربیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا تھاکہ روٹین کے ائیرآپریشنز کی معطلی کا نفاذ جمعہ سے فوری طور پر کیا گیا ہے اور جن یونٹس کے پائلٹس کو گرانڈ کیا گیا اب انہیں مکمل تربیت دی جائے گی۔ترجمان کے مطابق ایکٹو ڈیوٹی یونٹس کے لیے تربیت کی تاریخ یکم سے 5 مئی تک رکھی گئی ہے جب کہ آرمی نیشنل گارڈز اور ریزرو یونٹس 31 مئی تک اپنی تربیت مکمل کریں گے۔گزشتہ ہفتے امریکی ریاست الاسکا میں دو ایچ اے 64 اپاچی ہیلی کاپٹرز میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں تین امریکی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوئے جب کہ گزشتہ ماہ ہونے والے ایک اور ہیلی کاپٹر حادثے میں 9 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں