امریکی ریاست نیویارک میں کورونا کے باعث 100 سے زائد پاکستانی ہلاک

واشنگٹن(عکس آن لائن) امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس کے سبب مرنے والے 8 ہزار افراد میں 100 سے زائد پاکستانی بھی شامل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رواں ہفتہ امریکا کے لیے ہلاکتوں کے لحاظ سے انتہائی مہلک ثابت ہوا اور اس دوران امریکا بھر میں مرنے والوں کی تعداد تقریبا دگنی ہوگئی جبکہ مصدقہ مریضوں کی تعداد بھی 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

اس حوالے سے پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے بتایا کہ ہسپتالوں، جنازہ گاہوں اور اہلِ خانہ سے اکٹھی کی گئی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیویارک اور نیو جرسی کے علاقوں میں 100 سے زائد پاکستانی اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔دوسری جانب پاکستانی سفارتخانے کی ترجمان زوبیہ مسعود کا کہنا تھا کہ دیگر ریاستوں میں بھی کچھ پاکستانیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اس حوالے سے معلومات اکٹھی کررہے ہیں کہ اس وبا نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو کس طرح متاثر کیا۔نیویارک سے جاری ہونے والے اعداد و شمار اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ دیگر نسل کے افراد پر اس وبا کے مہلک اثرات مرتب ہوئے۔

قونصل جنرل عائشہ علی کا کہنا تھا کہ جتنی زیادہ معلومات سامنے آئے گی ہمیں خدشہ ہے کہ اموات کی تعداد بڑھے گی، ہماری کمیونٹی مضبوط ہے اورانہوں نے بہت کچھ اپنے بل بوتے پر کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کمیونٹی کی جانب سے کمزور طبقے یعنی 50 سال سے زائد عمر کے وہ افراد جو اشیائے خورو نوش خریدنے باہر نہیں جاسکتے ان میں خوراک تقسیم کی جارہی ہے کیونکہ اعداد و شمار کے مطابق 90 فیصد اموات اسی عمر کے افراد میں ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں