واشنگٹن (عکس آن لائن) امریکہ میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 12لاکھ 12ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر70 ہزار ہوگئی ہے۔
منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں پہلی مرتبہ یومیہ ہلاکتوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یکم جون تک روزانہ متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں مہلک کورونا وائرس سے مزید 1015 اموات ہوئیں جو ایک مہینے میں یومیہ ہلاکتوں کی سب سے کم تعداد ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 69921 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے 1212900 تصدیق شدہ کیسز موجود ہیں جن میں سے 954911 زیرعلاج ہیں۔
حکام کا کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے اب تک 200000 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ دریں اثناءنیویارک ٹائمز کے مطابق امریکہ میں بیماریوں پر کنٹرول اور ان سے بچاو¿ کے ادارے (سی ڈی ایس) کے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں یکم جون تک روزانہ کی بنیاد پر متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایک دستاویز میں حکام کو تنبیہ کی گئی ہے کہ مئی کے آخر تک روزانہ کی بنیاد پر ملک میں دو لاکھ تک نئے کیسز کا خدشہ ہے جو اب تک 25000 یومیہ ہے۔ دستاویز کے مطابق یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 1750 سے بڑھ کر 3000 کے قریب ہوسکتی ہے۔
ادھر صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے امریکہ میں ایک لاکھ ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد دنیا کے تمام ممالک سے زیادہ ہیں۔