واشنگٹن،لندن،سیول(عکس آن لائن)مختلف ممالک میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر سان فرانسسکو میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔سان فرانسسکو میں ہونے والے مظاہرے کے شرکا نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے سان فرانسسکو بے برج کو بلاک بھی کیا، اس دوران پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔مظاہرین اپنی گاڑیوں میں بے برج پہنچے تھے جہاں انہوں نے علامتی طور پر فلسطینی شہدا کی لاشیں بن کر احتجاج کیا۔جنوبی کوریا میں بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔مظاہرے میں علامتی طور پر فلسطینی شہدا کے 2 ہزار جوتے رکھ کر احتجاج کیا گیا۔
علاوہ ازیں لندن میں غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف اسکول کے بچوں کی ریلی نکالی گئی۔ٹاور ہیملٹ میں اسکول کے بچوں نے فلسطین کے حق میں ریلی نکالی۔اس موقع پر بچوں نے غزہ پر بم باری اور محاصرے کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔