اسلام آ باد (عکس آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 269 مظفر گڑھ میں دوبارہ گنتی کا حکم واپس لینے کا ای سی پی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا اور 17 مئی کو دوبارہ ضمنی انتخاب ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نتائج سے مشروط کردیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاحکم جاری کرتے ہوئے کہا دوبارہ گنتی پربھی نتائج میں تبدیلی نہ ہو تو 17 مئی کو ضمنی انتخاب کروایا جائے۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے جاری کردہ تحریری حکم میں کہا گیا ہے درخواست گزار اقبال خان نے عام انتخابات میں بطور آزاد امیدوارحصہ لیا، فارم 47 کے مطابق درخواست گزار 33 ہزار 52 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ جیتنے والے امیدوار نے 34 ہزار 588 ووٹ حاصل کیے۔ درخواست گزار نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی استدعا کرتے ہوئے مقف ہے کہ فارم پینتالیس کے مطابق اس نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا تو جیتے ہوئے امیدوار نے بیس مارچ کو استعفی دے دیا ۔ جس پر الیکشن کمیشن نے اپنا حکم واپس لے کر صوبائی سیٹ خالی قرار دے دی ۔ حکمنامے کے مطابق درخواست گزار کا کہنا ہے دوبارہ گنتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے سے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا۔