روسی سفیر

اسرائیل مشرق وسطی کے امن کوتباہ کر رہا ہے، روسی سفیر

ماسکو (عکس آن لا ئن) روس کے اسرائیل کے لئے سفیر اناطولی فیکوٹوروف نے اسرائیل پر مشرق وسطی کا امن تباہ کرنے کا الزام عاید کیا ہے اورکہاہے کہ شمالی فلسطین میں حزب اللہ کی طرف سے اسرائیل پر حملوں کے لیے سرنگوں کی کھدائی کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔اسرائیلی اخبار کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں روسی سفیر نے کہا کہ خطے میں اصل مسئلہ متحارب گروپوں اور ملکوں کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیاں اور اقوام متحدہ کی منظور کردہ عرب ۔ اسرائیل کشمکش کے حوالے سے قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں روسی سفیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلسل حزب اللہ پر حملے کر رہا ہے جب کہ حزب اللہ کی طرف سے اسرائیل پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا۔

ان کا اشارہ شام میں مختلف قافلوں اور تنصیبات پر اسرائیلی فوج کی بار بار کی جانے والی بمباری ہے۔ایک سوال کے جواب میں روسی دانشور نے کہا کہ اسرائیل کا یہ دعوی بے بنیاد ہے کہ حزب اللہ نے شمالی فلسطین اور لبنان کی سرحد پر حملوں کے لیے سرنگیں تعمیر کر رکھی ہیں۔ایران کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں روسی سفیر نے کہا کہ ایران پر جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام بے بنیاد ہے۔عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کے بارے میں بات کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ ان معاہدوں کا مقصد اسرائیل کو فائدہ پہنچانا ہے۔ اسرائیل اپنے مخالف ملکوں اور قوتوں کے خلاف خطے میں اپنا اتحاد مضبوط کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں