علی زیدی

اسحاق ڈار منی لانڈرنگ کیس کا ملزم ہے، علی زیدی

کراچی (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار منی لانڈرنگ کیس کا ملزم ہے،شہباز شریف کے پاس اتنا پیسہ ہے تو سیلاب زدگان کو دے دیں،شریف خاندان آپس میں بھی سچ نہیں بولتا ۔سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہی نظام رہنا ہے تو پھرعزیر بلوچ کو چھوڑ کر کراچی کا میئر بنادیں۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی پر عدالت کو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا، جن کی پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں تھی وہ بھی بری ہوگئے۔

علی زیدی نے کہا کہ اسحاق ڈار سابق وزیراعظم کے جہاز میں فرار ہوئے تھے، وعدہ معاف گواہ دوبارہ وزیراعظم کے جہازمیں واپس آیا، کسی کے باپ کا پیسہ نہیں عوام کا پیسہ ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق بیرون ملک84 لاکھ کے ہینڈ بیگ خریدے گئے، کہا جارہا ہے شہبازشریف نے ہوٹل میں ٹھہرنے کے پیسے خود دیئے، شہباز شریف کے پاس اتنا پیسہ ہے تو سیلاب زدگان کودے دیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ غریب جیلوں میں سڑرہے ہیں، امیر آسانی سے باہر آجاتا ہے، اسحاق ڈار منی لانڈرنگ کیس کا ملزم ہے۔

علی زیدی نے مزید کہا کہ شریف خاندان آپس میں بھی سچ نہیں بولتا، ایک بھائی کہتا ہے ہم تو اپارٹمنٹ میں کرائے پر رہتے ہیں، دوسرابھائی کہتا ہے الحمداللہ یہ اپارٹمنٹ ہمارے ہیں اور تیسری مریم کہتی ہیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں