احمد گوڈیل

احمد گوڈیل نے معطلی کے بعد پی سی بی پر الزامات کی بوچھاڑ کردی

کراچی(عکس آن لائن) احمد گوڈیل نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پی سی بی پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں معطل کردیا گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ سیزن5کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کرنے والے احمد گوڈیل کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

گزشتہ روز انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بتایا کہ انہیں پی سی بی نے معطل کردیا ہے ۔ ویڈیوکے ساتھ احمد گوڈیل نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا مبارک ہو جیت گئے آپ لوگ، ہم بحیثیت قوم ناکام ہوچکے ہیں۔اسی پیغام میں احمد گوڈیل نے پی سی بی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا بہت شکریہ آپ کا کہ آپ نے اس برے وقت میں میرا ساتھ دینے کے بجائے مجھے نکال دیا اور اکیلا چھوڑدیا۔ویڈیو میں احمد گوڈیل نے پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کو افتتاحی تقریب میں بدنظمی کا قصوروار قرار دیتے ہوئے کہا آپ سوچیں کہ یہ اتنی بڑی تقریب کا انتظام کیا میں نے اکیلے نے کیا تھا، سب لوگوں نے مجھ پر تنقید کی لیکن کسی نے بھی ان لوگوں کو کچھ نہیں کہا جنہوں نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا انتظام کیا تھا۔آج جب لوگ مجھے ذلیل کررہے ہیں سائبر بلنگ کا نشانہ بنارہے ہیں تو اس وقت جب مجھے میرے ادارے کی سب سے زیادہ ضرورت تھی اسی ادارے نے مجھ پر سے ہاتھ اٹھالیا اورکہا جا اپنی جنگ خود لڑو۔ اس ادارے کے لیے میں نے اپنے جوتے گھس دئیے، 10، 10گھنٹے کام کیا اور آج اسی ادارے نے مجھے چھوڑ دیا۔

مجھے نکالتے وقت بولا گیا کہ آپ تنقید کا نشانہ بننے کے بعد اپنا موقف پیش کرنے کے لیے کس کی اجازت سے مختلف چینلزپر گئے؟ احمد گوڈیل نے کہا پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں جتنی بھی بدنظمی ہوئی وہ سب اس ادارے کی غلطی تھی آپ کو مجھے بتانا چاہیئے تھا کہ مجھے براہ راست ٹی وی پر دکھایا جائے گا اور پوری تیاری کے ساتھ گراونڈ میں میرے ساتھ اترنا چاہیئے تھا لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

احمد گوڈیل نے کہاکہ میری جگہ تقریب کے میزبان فخر عالم کو جانا چاہیئے تھا لیکن اس وقت میں گیا اور جب مجھے آج آپ کی ضرورت پڑی تو آپ نے مجھ سے میری نوکری چھین لی اور فون کرکے کہا گھر پر ہو گھر پر ہی رہو ہمیں اب آپ کی ضرورت نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں