توشہ خانہ ریفرنس

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے گواہ زبیر صدیقی پر جرح مکمل نہ ہو سکی

اسلام آباد (عکس آن لائن)احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے گواہ زبیر صدیقی پر جرح مکمل نہ ہو سکی جبکہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ چاہتے تھے باقی مقدمات کی طرح فارن فنڈنگ کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائے،پی ڈی ایم کے پاس سینیٹ سے استعفوں کا آپشن بھی موجود ہے۔جمعرات کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج سید اصغر علی نے سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔

سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نیب پراسیکوٹر سردار مظفر عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ جج سید اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ فاروق ایچ نائیک آئیں ہیں جرح ہو جائیگی۔

فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ پاکستان بار کونسل کی پہلی میٹنگ ہے 12 بجے تک جرح کرتے ہیں،فاروق ایچ نائیک نے نیب کے گواہ زبیر صدیقی پر جرح کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کب پوسٹنگ اور کس پوسٹ پر جوائینگ ہوئی تھی؟ گواہ نے جواب دیا کہ کیبنٹ ڈویژن میں ایز اسسٹنٹ بھرتی ہوئی تھی۔ فاروق ایچ نائیک نے سوال کیا کہ فروری 2019 میں آپ کے پاس کون سا چارج تھا؟ گواہ نے کہا کہ اس وقت ایڈیشنل سیکشن افسر توشہ خانہ کا چارج تھا۔ فاروق ایچ نائیک نے سوال کیا کہ آپ کا ایڈیشنل چارج کا کوئی نوٹیفکیشن ہوا تھا؟ گواہ نے جواب دیا کہ کنفرم یاد نہیں، ایسا کوئی نوٹیفکیشن ہوا تھا۔ فاروق ایچ نائیک نے سوال کیا کہ کیا آپ نے ایڈیشنل چارج کا کوئی نوٹیفکیشن عدالت میں جمع کروایا؟

پہلا بیان آپ نے یکم اکتوبر کو ریکارڈ کروایا، کیا یہ درست ہے کہ آپ یکم اکتوبر کو ریٹائرڈ نہیں ہوئے تھے؟ گواہ نے جواب دیا کہ جی یہ درست ہے میں یکم اکتوبر کو ریٹائرڈ نہیں ہوا، 24 اکتوبر 2020 کو ریٹائرڈ ہوا۔ دوران سماعت نیب کے گواہ پر جرح جاری رہی۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔

آئندہ سماعت پر بھی نیب کے گواہ زبیر صدیقی پر جرح جاری رہے گی۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر تمام فورمز کا استعمال کر رہی ہے۔ سینیٹ میں استعفوں کا آپشن بھی موجود ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ جمہوری اور آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے سامنے پر امن احتجاج کیا۔ چاہتے ہیں فارن فنڈنگ کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں