ملکی صحافت

آسمان صحافت کا ایک اور درخشندہ ستارہ ملکی صحافت کے افق پر غم اور اندوہ کے پہاڑ توڑتا ہوا غروب ہو گیا

پشاور(عکس آن لائن)ملک کے بزرگ ترین صحافی اور روزنامہ وحدت کے بانی اور مدیر اعلی پیر سید سفید شاہ ہمدرد طویل علالت کے باعث اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم پیرصاحب کی نماز جنازہ مورخہ 25 نومبر 2020 بوقت ۱۱ بجے ان کی رہائش گاہ وحدت ہاؤس کینال شامی روڈ نزدعالم باغ ورسک روڈ پشاور میں ادا کی جائیگی۔
انا للہ و انا الیہ راجعون

پیر صاھب ایک عرصہ سے صاحب فراش تھے جبکہ گزشتہ تین ہفتوں سے مقامی ہسپتال میں زیر علاج رہے جہاں منگل کی صبح ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی۔

پیر صاحب نے ایک بھر پور صحافتی زندگی گزاری بالخصوص پشتو صحافت کے حوالے سے انہیں اکیڈیمی کی حیثیت حاصل تھی۔ ان کی زیرادارت شائع ہونے والے روزنامہ وحدت میں زیر تربیت رہنے والے صحافی آج ملک کے بڑے بڑے قومی اخبارات و جرائد اور الیکٹرانک میڈیاز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پیر صاحب کا شمار پاکستان کے بزرگ ترین صحافیوں میں ہوتا ہے ان کی صحافتی خدمات کا دائرہ کم از کم 70 سال پر محیط ہے۔ 1970 کی دہائی میں انہوں نے پشتو روزنامہ وحدت کا اجراء کیا۔ جس نے افغان جہاد کے دوران گرانقدر خدمات انجام دیں اور نہ صرف افغان مجاہدین کی حوصلہ افزائی کی بلکہ پاکستان میں مقیم افغان میاجرین اور مقامی لوگوں کے مابین محبت، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں افغان عوام میں بھی مقبولیت اور محبوبیت حاصل ہے اور افغان معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ ان کے خوشگوار قریبی روابط آج تک قائم رہے۔

پیر سید سفید شاہ ہمدرد کی ادارت میں روزنامہ وحدت نے پشتو زبان و ادب کے حوالے سے بھی گرانقدر خدمات انجام دی ہیں اور پشتو کے ادبی حلقوں میں پیر صاحب کا انہی خدمات کا ہر سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔
پیر صاحب کو ان کی بیش بہا اور گرانقدر صحافتی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ کئی ادبی اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے انہیں مختلف ایوارڈز دیے گیے۔ اے پی این ایس اور سی پی این ای انہیں لائف اچیومنٹ ایوارڈ دے چکی ہے۔ عالمی پشتو کانفرنس نے پیر صاحب کو بابائے پشتو صحافت کے منفرد اعزاز سے نوازا تھا۔

پیر سید سفید شاہ ہمدرد آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے فعال رکن رہے اور مرکزی عہدوں کے ساتھ ساتھ اے پی این ایس خیبر پختونخوا کمیٹی کے کنوینر اور سربراہ ریے۔ مدیران اخبارات و جرائد کی کونسل سی پی این ای میں بھی ان کا کردار اور خدمات لائق تحسین ہیں۔

مرحوم کرنل (ر) سید داؤد شاہ گیلانی، سید رحمدل شاہ سید علی شاہ،, چیف ایکیزیکٹو روزنامہ وحدت سید ہارون شاہ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے سید ظفر علی شاہ اور سید امجد علی شاہ کے والد اور سید باقر شاہ، سید حکمت شاہ، سید سجاول شاہ اور مولانا ارشد علی قریشی کے سسر تھے

ایک طویل اور فعال صحافتی اور سماجی زندگی گزارنے کے بعد اسمان صحافت کا یہ درخشندہ ستارہ بالآخر اپنے ہزاروں چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑتا ہوا اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔
انا للہ و انا الیہ راجعون

اپنا تبصرہ بھیجیں