ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کیلئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان

اسلام آباد (عکس آن لائن)قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020ء کیلئے 15 رکنی قومی خواتین کرکٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ سکواڈ کا انتخاب انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں خواتین کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعدکیا گیا ہے۔

عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف منتخب کردہ سکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔ ناہیدہ خان، رامین شمیم اور عائشہ ظفر کی جگہ منیبہ علی، عائشہ نسیم اور ایمن انور کو میگا ایونٹ کیلئے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تین رکنی سلیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔ منتخب کردہ قومی خواتین سکواڈ کی اوسط عمر 24.8 ہے جو مستقبل کے حوالے سے سلیکٹرز کی سوچ اور منصوبہ بندی کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔ 15 رکنی سکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30 جنوری تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں جاری رہے گا۔ قومی ٹیم کی کھلاڑیوں میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ) کو رکھا گیا ہے۔ منیبہ علی نے آخری مرتبہ نومبر2018ء میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

بائیں ہاتھ کی بیٹسمین نے حالیہ قومی ٹی ٹونٹی ویمنز ٹورنامنٹ کی 5 اننگز میں 58 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 292 رنز بنائے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں سکور کرنے والی منیبہ علی کو ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیادپر قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ جارحانہ مزاج عائشہ نسیم کو ٹاپ آرڈر میں ہارڈ ہٹنگ کی بنیاد پر قومی خواتین سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی دائیں ہاتھ کی بیٹسمین نے حالیہ ٹورنامنٹ میں 206 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 64 رنز سکور کئے۔ میڈیم فاسٹ باؤلر ایمن انور نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں 7.68 کی اوسط سے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ایمن انورکی خصوصیت میچ کے دوران نئی گیند سے باؤلنگ کرنا ہے۔ دائیں ہاتھ کی باؤلر نے آخری مرتبہ فروری 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی خواتین ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ کیلیے سکواڈ کی تشکیل آسان مرحلہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ سکواڈ کا انتخاب خواتین کھلاڑیوں کی بین الاقومی اور قومی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ سکواڈ سے ڈراپ ہونے والی کرکٹرز دلبرداشتہ ہونے کی بجائے مزید محنت کرکے ایک بار پھر سکواڈ میں واپس آ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے15 سالہ عائشہ نسیم کا انتخاب دیگر نوجوان کرکٹرز کیلئے حوصلے کا سبب بنے گا۔ عروج ممتازنے کہاکہ اس کے علاوہ سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے لے کر اب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی مستقل رکن اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ عروج ممتاز نے کہا کہ میگا ایونٹ کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا انتخاب کرتے وقت آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ منتخب کردہ قومی اسکواڈ میں نئے اور سینئر کھلاڑیوں کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔

چیئرآف نیشنل ویمنز سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ثناء میر کی عدم موجودگی کے باوجود قومی خواتین سکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شاندار انداز میں پاکستان کی خدمت کرنے والی ثناء میر ملک میں موجود کئی خواتین کرکٹرز کیلئے آئیڈیل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ عروج ممتاز نے کہا کہ قومی خواتین ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے مگر بدقسمتی سے ثناء میر کی حالیہ کارکردگی متاثر کن نہیں رہی، لہٰذا سلیکشن کمیٹی کے نزدیک یہ ایونٹ نئی خواتین کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بہترین موقع ثابت ہوسکتا ہے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ہم طویل مشاورت کے بعدآئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے ایک بہترین سکواڈ تشکیل دینے میں کامیاب رہے۔ بسمہ معروف نے کہا کہ ثناء میرکومیگا ایونٹ کیلئے ڈراپ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سکواڈ میں ثناء میر کی شمولیت کی خواہشمند تھیں جس پر سلیکشن کمیٹی اور ان میں طویل مشاورت ہوئی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ہمیں ثناء میر اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ایمرجنگ کرکٹرمیں سے کسی ایک کو چننا تھااور وہ اس سلسلے میں اکثریتی فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔انہیں امید ہے کہ ثناء میر اسی جوش و جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی پاکستان ویمنز کرکٹ کی خدمت کرتی رہیں گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگاایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔

گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں