اسلام آباد چیمبر آف کامرس

آئندہ بجٹ میں اسلام آباد کیلئے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا جائے،اسلام آباد چیمبر آف کامرس

اسلام آباد (عکس آن لائن)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں اسلام آباد کیلئے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا جائے تاکہ یہ شہر بہتر ترقی کر سکے اور معیشت کی بہتری میں اپنا فعال کردار ادا کر سکے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے اسلام آباد میں ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں جس وجہ سے نہ صرف شہریوں کومسائل کا سامنا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ایریاز اور مارکیٹوں میں سٹریٹ لائٹس کام نہیں کر رہی ہیں جبکہ فٹ پاتھ اور سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور پانی و سیوریج کا نظام خستہ حالت میں ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ گذشتہ چار سالوں سے انڈسٹریل ایریاز اور مارکیٹوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس کی وجہ سے اسلام آباد کے صنعتی علاقے اور کاروباری مراکز کھنڈرات میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی شہر کے مسائل حل کرنے پر زیادہ توجہ دیں اور آئندہ بجٹ میں اسلام آباد کے ترقیاتی فنڈز میں مزید اضافہ کیا جائے۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ اسلام آباد ملک کا دارالحکومت ہے، ترقی کے لحاظ سے یہاں کی مارکیٹوں اور انڈسٹریل ایریاز کی حالت مثالی ہونی چاہئے۔

انہوںنے کہا کہ طویل لاک ڈاﺅن نے شہر کا حسن ماند کر دیا ہے جبکہ صفائی کا نظام بھی ابتری کا شکار ہے۔ انہوںنے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد اور ایم سی آئے کے میئر شیخ انصر عزیز سے اپیل کی کہ وہ تاجروں و صنعتکاروں کی مشاورت سے اگلے سال کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی پلاننگ کریں تاکہ مشترکہ کوششوں سے اسلام آباد کو ترقی کے لحاظ سے پاکستان کا جدید اور مثالی شہر بنایا جا سکے جو دوسروں کیلئے قابل تقلید ہو۔

اپنا تبصرہ لکھیں