حماد اظہر

یہ تاثر درست نہیں کہ سر کاری شعبہ نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتا ہے،حماد اظہر

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سر کاری شعبہ نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، پاکستان کے پاس دنیا میں آبپاشی کا سب سے بڑا انفراسٹرکچر موجود ہے ،جو یقیناً ہمارے کچھ پڑوسی ممالک سے بڑا ہے، ہمارے ہاں انتہائی غربت کی سطح بہت کم ہے،ہماری معیشت کی بحالی میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا کردار واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی حماد اظہر نے انفراسٹرکچر فار ڈویلپمنٹ کانفرنس کے افتتاحی پینل ڈسکشن سے خطاب کیا۔ حماد اظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ سر کاری شعبہ نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ پاکستان جیسی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں جہاں دور دراز علاقوں میں نجی شعبہ موجود نہیں وہاں ریاست کی جانب سے انفراسٹرکچر نہ صرف اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے بلکہ کوویڈ 19 جیسے بحرانوں میں بھی کارگر ثابت ہوتا ہے۔

وزیر نے تاریخی تناظر پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا میں آبپاشی کا سب سے بڑا انفراسٹرکچر موجود ہے ،جو یقیناً ہمارے کچھ پڑوسی ممالک سے بڑا ہے، یہی ایک وجہ ہے کہ ہمارے ہاں انتہائی غربت کی سطح بہت کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وبا کے دوران ہم نے اپنی معیشت کو بحال کرنے کے لیے ریاستی ترقی کے ماڈلز کو استعمال کیا۔ہم نے مرکز اور صوبوں میں اپنے ترقیاتی منصوبوں اور ترقیاتی بجٹ کے اجراءاور حجم میں اضافہ کیا۔پرائیویٹ سیکٹر نے بھی حکومت کی پیروی کی اور اب مسلسل 2 سال سے ترقی کی شرح کووڈ سے پہلے کی سطح سے اوپر ہے۔ ہماری معیشت کی بحالی میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا کردار واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

انفراسٹرکچر فار ڈویلپمنٹ کانفرنس سیریز (#Infra4Dev) عالمی بینک کے انفراسٹرکچر نائب صدر کا ایک اقدام ہے، جس کا مقصد ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچے کا فائدہ اٹھانے پر اقتصادی محققین اور پالیسی سازوں و پریکٹیشنرز کی وسیع برادری کے درمیان مکالمے اور تبادلہ خیال کو فروغ دینا ہے۔ اس سال کی کانفرنس کا موضوع یہ سمجھنا ہے کہ کس طرح انفراسٹرکچر کی مختلف شکلیں معاشی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ہیں ثابت ہو سکتی ہیں۔ لندن سکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس میں قائم ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل گروتھ سینٹر تیسری سالانہ Infra4Dev# کانفرنس کے لیے شراکت کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں