یوکرائن کی فوری فوجی مدد کی جائے، یورپی یونین کے مشرقی ارکان

برسلز(عکس آن لائن )یورپی یونین کے رکن مشرقی یورپی ممالک نے کہاہے کہ یونین کو روسی حملے کے بعد یوکرائن کی فوری فوجی مدد کرنا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولینڈ کے صدر ڈوڈا نے تو یہ مطالبہ بھی کیا کہ یوکرائن کو یورپی یونین کی رکنیت دینے کا عمل تیز تر کر دیا جائے۔یونین کے پولینڈ اور لیتھوانیا جیسے مشرقی یورپی رکن ممالک نے برسلز میں یونین کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ روسی فوجی حملے کے بعد یوکرائن کی فوری عسکری مدد کرے۔پولینڈ اور لیتھوانیا کے رہنما جرمن چانسلر اولاف شولس کے ساتھ ملاقات کے لیے برلن پہنچے، تو جرمن دارالحکومت میں آمد پر ان کا کہنا تھا کہ ماسکو کی طرف سے عسکری چڑھائی کے بعد یوکرائن کی حمایت میں یورپی یونین کو اب تک کے مقابلے میں بہت آگے تک جانے کی ضرورت ہے۔

پولینڈ کے وزیر اعظم موراویئسکی نے کہا کہ یورپی یونین کو روس کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کرنا چاہییں۔ ان کے بقول ان میں یہ اقدامات بھی شامل ہونا چاہییں کہ یورپ کو روسی گیس کی ترسیل کے لیے نارتھ سٹریم نامی پائپ لائنز بند کر دی جائیں اور روس کو مالی ادائیگیوں کے عالمی نظام سوفٹ سے بھی نکال دیا جائے۔برلن آمد کے بعد پولینڈ کے وزیر اعظم اور لیتھوانیا کے صدر نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے برلن کے دورے کا مقصد یورپی یونین اور جرمنی کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے، تاکہ ماسکو کے خلاف ایسی بااثر اور انتہائی نوعیت کی پابندیاں لگائی جا سکیں، جو کریملن میں ملکی قیادت کو اس کی سوچ بدلنے پر مجبور کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں