شاہرہ دستور

ہم نے شاہرہ دستور پر جلسے کا اعلان کیا ہے ، جلسہ وہیں ہوگا،25 مارچ کا جلسہ پرامن ہوگا ، مولانا عبد الغفور حیدری

اسلام آباد (عکس آن لائن) جے یو آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ ہم نے شاہرہ دستور پر جلسے کا اعلان کیا ہے ، جلسہ وہیں ہوگا،25 مارچ کا جلسہ پرامن ہوگا اگر بدمعاشی کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،اپوزیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی ،دیکھنا ہے حکومت عملدرآمد کرتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے،جو فیصلے صادر ہوئے ہیں ان پر عملدرآمد کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ دیکھنا یہ ہے کہ حکومت عملدرآمد کرتی ہے،عدالت نے یہ کہا کہ تصادم سے بچنے کیلئے دونوں جلسوں کی جگہوں میں فاصلہ ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کی جماعتوں نے کئی جلسے اور مارچ کیے پر امن رہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارا جلسہ پرامن ہوگا، اگر حکومت نے رخنہ ڈالنے کی کوشش کی تو پھر اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ 25 مارچ کا جلسہ پرامن ہوگا اگر بدمعاشی کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے اپنے جلسے کا اعلان بہت پہلے کررکھا ہے،اگر سرکار بدمعاشی پر اتر آئے تو کیا کیا جاسکتا ہے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم اور وزرا ہر روز دھمکیاں دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کہا جو ایم این اے پی ٹی آئی کو چھوڑ گئے وہ زندہ نہیں رہیں گے اور گھر نہیں جا سکتے ،ہم آج بھی اس کو سلیکٹڈ اور ناہل کہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پہلے پارلیمنٹ لاجز میں گرفتاریاں کیں، جہاں سو سے زائد پارلیمنٹرینز رہتے ہیں،

سندھ ہاؤس پر اپنے ایم این ایز اور کارکنان کو بھیج کر اندر موجود ایم این ایز کو خوفزدہ کیا،ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ووٹنگ تک ایم این ایز سندھ ہاؤس میں رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ چار سال سے گالم گلوچ اور دھمکی کے علاوہ ان کا کوئی کردار نہیں ،کیا کوئی میگا پراجیکٹ ہوا یا سڑکوں کا جال بچھا؟ ،اب حکومت کو یقین ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک منطقی انجام تک پہنچنے والی ہے تو یہ دھمکیوں پر اتر آئے،چار سال جمہوریت کو پامال کرکے آمریت اور دہشت گردی پر کام ہوا۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کرکے جلسے کئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم ملک میں بدامنی اور تصادم نہیں چاہتے ،24 مارچ سے روات، بہارہ کہو اور 26 نمبر چونگی پر استقبالیہ کیمپس قائم کردیے جائیں گے،ہم نے شاہرہ دستور پر جلسے کا اعلان کیا ہے اور جلسہ وہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں