بشریٰ انصاری

ہمارے وقت میں فنکار نظم و ضبط اور وقت کے پابند تھے ،زمانہ نہیں بدلا اب دنیا بدل گئی ہے، بشریٰ انصاری

لاہور (عکس آن لائن) پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ ہمارے وقت میں فنکار نظم و ضبط اور وقت کے پابند تھے ،زمانہ نہیں بدلا اب دنیا بدل گئی ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے ایک ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ ہمارے وقت میں فنکار نظم و ضبط اور وقت کے پابند تھے۔اپنے ویڈیو پیغام کے آغاز میں بشریٰ انصاری نے لکھا کہ مجھ سے پوچھا گیا ہے کہ پہلے کے اداکاروں اور آج کل کے اداکاروں میں کیا فرق ہے؟بشریٰ انصاری نے کہاکہ فرق تو زمانے میں ہر چیز کا ہوتا ہے، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس زمانے کے ڈیزائنر اچھے نہیں ہیں اور پرانے ڈیزائنرز اچھے تھے، ہر وقت کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رویے اور ماحول ماحول بدل جاتے ہیں اور معاشی صورتحال بدلنے سے بھی بہت کچھ تبدیل ہوجاتا ہے جو اب ہم دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات میں یہ بھی شامل کیا کہ روایات بدلتی ہیں، بہت سارے رشتے بھی بدل جاتے ہیں سو ہم یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ پہلے اور اب کے اداکاروں میں یہ فرق ہے۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ آپ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہوں ، آپ کا ایسا پیشہ ورانہ رویہ اور کمٹمنٹ ضروری ہوتی ہے جس سے آپ کام نکھر کر سامنے آئے۔انہوں نے اپنے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو ہم سب کا زمانہ ساتھ چل رہا ہے تاہم یہ ضرور ہے کہ ہمارے وقت میں ہمیں نظم وضبط کی بہت عادت تھی اور ہم وقت کے بہت پابند تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں