گندم

گندم کی بروقت کاشت کی صورت میں 85فیصد سے زیادہ اگاو رکھنے والے بیج کی فی ایکڑ شرح 5کلو گرام تک کم کر دیاجائے

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاہے کہ جہاں کسی وجہ سے 15 نومبر تک گندم کی کاشت نہیں کی جا سکی وہاں کپاس کی کھڑی فصل میں گندم کی براہ راست کاشت یا کپاس و دھان کے مڈھوں میں زیرو ٹیلج یا کولٹر ٹائپ سٹبل ڈرل کے ذریعے گندم کی کاشت میں تاخیر پر قابو پایا جا سکتا ہے کیونکہ 15نومبر کے بعد کاشت کی گئی فصل میں ہر روز تقریباََ ایک فیصد کے حساب سے15سے20کلوگرام فی ایکڑتک پیداوار میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار گندم کی فصل کی کاشت جلد از جلد مکمل کرلیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار گندم کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام سفارش کردہ وقت کے مطابق کاشت کریں نیز بیج کے اگاو کی شرح 85 فیصد سے کم نہ ہو بصورت دیگر شرح بیج میں اضافہ کر یاجائے۔انہوں نے بتایا کہ گندم کی اقسام چکوال50، لاثانی2008، آری 2011،فیصل آباد2008وغیرہ زیادہ شگوفے بناتی ہیں اسلئے ان کی بروقت کاشت کی صورت میں 85فیصد سے زیادہ اگاو رکھنے والے بیج کی فی ایکڑ شرح کو مناسب وتر اور کھیت کی تیاری کی صورت میں 5کلو گرام تک کم کر دیاجائے۔

انہوں نے بتایا کہ پچھیتی کاشت کی صورت میں شرح بیج میں اضافہ اس لئے ضروری ہے کہ درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے بیج کے اگاو میں تا خیر ہو جاتی ہے جس سے پودا شگوفے کم بناتاہے اور سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں جبکہ پیداوارمیں بنیادی شاخوں کا حصہ زیادہ ہوتا ہے لہٰذا بیج کی مقدار ایک حد تک بڑھانے سے بنیادی شاخوں میں اضافہ ہو گا جو پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں