حافظ نعیم الرحمن

کے الیکٹرک شہر قائد میں ناگ بن کر بیٹھی عوام کو ڈس رہی ہے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی (نمائندہ عکس)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک شہر قائد میں ناگ بن کر بیٹھی عوام کو ڈس رہی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے الیکٹرک کاسہولت کار رہا ہے، خواہ اس میں کوئی بھی گورنر کیوں نہ ہو۔ کے الیکٹرک شہر میں ناگ بن کر بیٹھی ہے جو عوام کو ڈس رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے پوچھا کہ اس کا مالک کون ہے، انڈین ہے یا کوئی اور ہے، سامنے لایا جائے۔حافظ نعیم نے کہا کہ کے الیکٹرک ٹھنڈے مہینوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کم کردیتی ہے اور گرمی آتے ہی نیپرا کے ساتھ مل کر لوٹ مار شروع کردی جاتی ہے، اس سے مافیا کو سپورٹ ملتی ہے اور عوام کا نقصان ہوتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک مافیا کا لائنس کینسل کر کے گورنمنٹ اپنے پاس لے۔ جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑے گی۔سینئر صحافی کے کینیا میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے پر امیر جماعت نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہیے اور اس میں جس کا بھی ہاتھ ہو، اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔بلدیاتی انتخابات کے التوا پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخاب کا انعقاد ہونا تھا، تاہم یہ سندھ حکومت اور زرداری ڈاکٹرائن کی وجہ سے معطل ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے قانونی کارروائی پوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے ہوں یا حکومت ہو، کراچی کو نظر انداز کرتے ہیں۔ کراچی کو اپنا مقدمہ خود لڑنا ہے، ورنہ یہ ہمیں برباد کرتے رہیں گے۔حافظ نعیم نے کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

شہر کراچی میں استر کاری اور دیگر جو کام چل رہے اس میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔ جہانگیر روڈ یا اسی طرح دیگر سڑکوں کی حالت زار دیکھ لیں اور یہ سب مرتضی وہاب کی نگرانی میں کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے یہ کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اربوں کا دھندہ ہے، اس کا جواب ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کو دینا ہوگا۔ پی ایف سی جو آپ نے بنایا ہے اس کو کیوں نہیں لیا جارہا۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کی چیمپئن بنتی ہے لیکن سب سے زیادہ کرپٹ ہے۔ سردیوں کی بارش ہوئی تو مرتضی وہاب کی بنائی گئی سڑکوں کا کیا حال ہوگا؟۔ پیپلز پارٹی شہر کو برباد کر رہی ہے۔ سندھ سرکار نے تمام اداروں پر قبضہ کیا ہوا ہے، اسے اپنی اس روش کو ختم کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں