مسعود خان

کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان ”سسٹر پراونس” شراکت داری سے عوامی تبادلہ جات کو فروغ دینے مدد ملے گی ، مسعود خان

کیلیفورنیا(عکس آن لائن)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ زراعت، تعلیم، صنعت اور آئی ٹی انٹرپرینیورشپ کے شعبوں میں کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان ”سسٹر پراونس” شراکت داری سے اقتصادی صلاحیت کو برؤے کار لانے اور عوامی تباد لہ جات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی،کیلیفورنیا کی معیشت اور پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے کا متحرک متوسط طبقہ باہمی طور پر سود مند اور مثبت شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے مطلوبہ ہم آہنگی پیدا کر سکتا ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار کیلیفورنیا میں ممتاز رہنما اور سیاست دان ڈاکٹر آصف محمود کی رہائش گاہ پر دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی رہنماؤں، کیلی فورنیا کے قانون سازوں، ماہرین تعلیم اور سماجی کاروباری شخصیات سے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

استقبالیہ میں گانگریس وویمن جوڈی چو، کیلیفورنیا ریاستی اسمبلی کے رکن کرس ہولڈن سمیت سابق سیکرٹری لیبر ہلڈا سولس، ریاستی اسمبلی کے نمائندوں اور پاک امریکن کمیونٹی کے رہنماؤں کے علاوہ دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر سابق وزیراعظم پاکستان سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ واصف خورشید نے صوبہ پنجاب کی نمائندگی کی۔کیلیفورنیا میں پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کانگریس کی خاتون رکن جوڈی چو نے کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان مشترکات کو اجاگر کیا جس میں مضبوط زرعی شعبہ اور دونوں اطراف کی متحرک آبادی شامل ہے۔کانگریس ویمن نے کہا کہ یہ کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان بہترین شراکت داری کا آغاز ہو گا کیونکہ دونوں اطراف کے مابین کئی مشترکات پائی جاتی ہیں جن کو بنیاد بنایا جا سکتا ہے۔

سفیر پاکستان مسعود خان نے ڈاکٹر آصف محمود کی جانب سے پرتپاک استقبال کرنے اور کیلیفورنیا میں پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے حوالے س مسلسل کوشاں رہنے پر انکاشکریہ ادا کیا۔سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دہائیوں پر محیط پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات انتہائی طویل اور پائیدار ہیں۔مسعود خان نے کہا کہ سرد جنگ اور اسکے بعد کے ادوار سے ہم پاک امریکہ تعاون کی میراث کو ٹیکنالوجی کے ایک نئے دورمیں لائے ہیں جس کی بدولت علاقائی اور عالمی منظر مسلسل تبدیل ہو رہا ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ملک اور عوام کے درمیان یکجہتی کا جذبہ موجود ہے۔مسعود خان نے دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان دوستی کے باہمی بندھن کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

مسعود خان نے کہا کہ کیلیفورنیا اور ویسٹ کوسٹ میں دو لاکھ سے زائد پاکستانیـامریکی دو طرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے عمل انگیز مواد کا کردار ادا کر رہے ہیں۔مسعود خان نے پاک امریکہ دو طرفہ تجارتی حجم میں حالیہ اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارتی حجم خصوصاً ٹیک سیکٹر اور آئی ٹی کے شعبوں میں اضافے کی بے شمار گنجائش موجود ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ کیلیفورنیا اور پنجاب کے درمیان مضبوط شراکت داری عوامی مفاد کے لئے موجودہ صلاحیت کو برؤے کار لانے میں معاون ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں