کپاس کی فصل

کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کے خدشہ کے پیش نظرکاشتکار وں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے موسم گرما کی شدت کے باعث کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کے خدشہ کے پیش نظرکاشتکار وں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی اورانہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ فصل کا جائزہ جاری رکھیں اور کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کی صورت میں متاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کے بعد زمین میں دفن کر دیا جائے تاکہ کپاس کے دیگر صحت مند پودے اس بیماری کی زد میں آنے سے محفوظ رہ سکیں۔

محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ ٓئندہ ایام میں موسم گرما کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے چند مقامات پر کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے معمولی حملہ کا خدشہ ہے جوبروقت تدارک نہ ہونے پرخدانخواستہ فصل پرزیادہ وائرس بھی پھیلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین کی مشاورت سے محکمہ زراعت کاعملہ فیلڈ میں کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاٹنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور متاثرہ پودوں کو تلف بھی کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت نے خصوصی سیل قائم کئے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر پیسٹ سکاٹنگ رپورٹ اکٹھی کر کے اس کے مطابق حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف پر بھی زور دیا کہ کپاس کے کیڑے مکوڑوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کسانوں کی بروقت رہنمائی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں