کنگ ایڈورڈ میڈیکل ایلومینائی

کنگ ایڈورڈ میڈیکل ایلومینائی ایسوسی ایشن نے اخوت سے مل کرراشن تقسیم کیا

لاہور(عکس آن لائن) برطانیہ میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کی تنظیم کنگ ایڈورڈ میڈیکل ایلومینائی ایسوسی ایشن (KEMCA ) نے پاکستان میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ لاک ڈائون اور کووڈ 19 کے موقع پر سماجی تنظیم اخوت سے مل کر 1000 سے زائد مستحق افراد میں راشن تقسیم کیا جبکہ ماسک اور سیفٹی کٹس بھی مفت تقسیم کیں۔

حکومت پاکستان نے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کے عوض انہیں کووڈ 19 کے خلاف جنگ میں ہیرو قرار دے دیا۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز گورنرہاؤس پنجاب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انہیں اعزازی سرٹیفیکٹ سے نوازا ۔

اس موقع پر KEMCA کے چئیرپرسن ڈاکٹر محمد طفیل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی تنظیم پاکستان میں اور خاص طور پر پنجاب میں اس طرح کے کام جاری رکھے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل جب بھی پاکستان پر کوئی آفت آئی تو کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے برطانیہ میں مقیم ڈاکٹروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

KEMCA کے ٹرسٹی ڈاکٹر رانا حفیظ الرحمن نے حکومت پاکستان اور خاص طور پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے کام کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے فخر کی بات ہے اور انشاءاللہ ان کی پوری ٹیم اپنے پیارے وطن کیلئے ہر وقت حاضر ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں