شبلی فراز

کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا عمران خان پر حملے کی ذمے دار وفاقی حکومت ہوگی ‘سینیٹر شبلی فراز

لاہور ( نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر شبلی فراز نے لانگ مارچ سے متعلق جاری تھریٹ الرٹ پر کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا عمران خان پر حملے کی ذمے دار وفاقی حکومت ہوگی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف آف اسٹاف سینیٹر شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا کہ 26 نومبر مارچ کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ سے رابطے میں ہیں،لانگ مارچ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا عمران خان پر حملے کی ذمے دار وفاقی حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج اور مارچ پر امن ہوتے ہیں اس میں فیملیز شرکت کرتی ہیں۔

پولیس اور انتظامیہ کی ذمے داری ہے کہ فول پروف سکیورٹی فراہم کریں۔ اگر مارچ کے شرکا پر تشدد بالخصوص عمران خان پر کوئی حملہ ہوا تو اس کی ذمے دار وفاقی حکومت ہوگی۔واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے لانگ مارچ پر خودکش یا بم حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو پنڈی میں اپنا احتجاج موخر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں