اجے دیوگن

کامیاب شادی کے لیے صرف محبت کافی نہیں ہوتی، اجے دیوگن

ممبئی (عکس آن لائن) بولی وڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن نے کہا ہے کہ شادی کو کامیاب بنانے کے لیے صرف ‘محبت’ کافی نہیں ہوتی اور یہ کہ ان کی شادی شدہ زندگی میں بھی اتار چڑھائو آتا رہا ہے۔اجے دیوگن اور اداکارہ کاجول نے 24 فروری 1999 کو شادی کی تھی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔جوڑے کی بڑی بیٹی نیسا کی عمر 19 برس ہے، ان کی پیدائش 2003 میں ہوئی تھی جب کہ ان کا ایک بیٹا یگ بھی ہے۔دونوں نے کیریئر کے عروج پر شادی کی تھی اور شادی سے قبل دونوں کے درمیان تعلقات بھی رہے تھے۔اجے دیوگن اور کاجول کی شادی کو 23 برس گزر چکے ہیں اور ان کی جوڑی کو بولی وڈ کی کامیاب اور مقبول ترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

حال ہی میں اجے دیوگن نے کامیاب شادی کے راز کے حوالے سے ایک انٹرویو میں بتایا کہ شادی کو کامیاب بنانے کے لیے صرف محبت کافی نہیں ہوتی۔اجے دیوگن نے اپنے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ مرد اور خاتون کا ذہن الگ ہوتے ہیں، دونوں کی سوچ بھی مختلف ہوتی اور دوسرے شادی شدہ جوڑوں کی طرح ان کی ازدواجی زندگی میں بھی اتار چڑھائو رہا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے اور کاجول کے درمیان بھی اختلافات پیدا ہوتے رہے مگر دونوں نے ایک دوسرے سے بات چیت کرکے اور افہام و تفہیم سے معاملات کو آگے بڑھایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں