مرچ

کاشتکاروں کومرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگانے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن):کاشتکاروں کومرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگانے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار نرسری کی منتقلی کے بعد کھیت کو پانی لگا دیں جبکہ مرچ کے پودے کی نشوونما کیلئے بہترین درجہ حرات 14سے30ڈگری سینٹی گریڈ ہےاورکاشتکار مرچ کی نرسری کی کاشت 15نومبر تک مکمل کرسکتے ہیں۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ مرچ کی پنیری کی منتقلی کیلئے زرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں ہوکا انتخاب کریں کیونکہ ان زمینوں میں نمی دیر تک قائم رہتی ہے اورمرچ کی جڑیں زمین کے نیچے آسانی سے خوراک حاصل کرکے بڑھتی اور پھولتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرچ کی پنیر ی کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ10 تا12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد میں 20کلو گرام یوریا ملا کر استعمال کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیت کی آبپاشی کریں اور وتر آنے پر دو تین ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اگ آئیں۔

انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلا کر جڑی بوٹیوں کی تلفی کریں اور کھیت کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔انہوں نے کہاکہ زمین تیار کرنے کے بعد اڑھائی فٹ چوڑی اور8 سے10 انچ گہری کھیلیاں بنائیں اورمرچ کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری والے کھیت کی ہلکی آبپاشی کریں اور پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑیں کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔انہوں نے کہا کہ مرچ پنجاب کی اہم سبزی ہے کیونکہ اس میں معدنی نمکیات اور حیاتین “الف “و “ب “اور بڑی مقدار میں “ج”کے علاوہ نشاستہ اور طاقت کی اکائیاں کافی مقدار میں پائی جاتی ہیں جو صحت کیلئے مفید ہیں۔انہوں نے کہاکہ مرچ کو تمام سبزیوں کے ساتھ ملا کر پکانے کیلئے استعمال کیا جاتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں