پالیسی

کارپٹ ایسوسی ایشن کا برآمدات کے فروغ کیلئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے از سر نو موثر پالیسی تشکیل دینے کا مطالبہ

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے برآمدات کے فروغ کیلئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے از سر نو جامع اور موثر پالیسی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کو ذمہ داری سونپے جس کے تحت ان ممالک میں بڑی مارکیٹوں کی تلاش اورمختلف ممالک سے درآمدات کے رجحان کے حوالے سے مفصل رپورٹ حاصل کی جائے ، عالمی منڈیوں میں حریف ممالک کا مقابلہ کرنے کیلئے برآمدی مینو فیکچررز اور برآمدکنندگان کو ریلیف اور مراعات دینا نا گزیر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک، وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، سعید خان، عثمان اشرف اور اکبر ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ میں تسلسل نہ ہونا تشویش کا باعث ہے جس کیلئے طویل المدت پالیسی مرتب کی جائے اور اس کی تیاری میں اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز کو لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں سمیت بہت سے برآمدی شعبے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور اس کے لئے ضروری ہے کہ حکومت ان کی مشکلات سے آگاہی حاصل کرکے انہیں فی الفور دور کرے اور خاص طو رپر برآمدی مینو فیکچررز اور برآمدن کنندگان کو ریلیف اور مراعات دی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی زیر سرپرستی سنگل کنٹری نمائشوں کیلئے معاونت فراہم کرے اور اس اقدام سے برآمدات کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں