میاں نعمان کبیر

ڈالر کی پرواز روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،میاں نعمان کبیر

لاہور(عکس آن لائن )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں مسلسل بے لگام اضافے کی وجہ سے معیشت کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، روپے کی قدر مستحکم کرنے کے لیے حکومت، سٹیٹ بینک کو فوری طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن او رنائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ روپے کی قدر میں بے حد کمی تشویشناک ہے، پچھلے صرف ایک ماہ میں ڈالر کی قدر میں تقریبا چھ فیصد کمی ہوئی جس کی بڑی وجوہات میں سیاسی غیر یقینی صورتحال، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ہے جو رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 39ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔

لاہور چیمبرکے عہدیداران نے کہا کہ چونکہ پاکستانی صنعت خام مال، پرزہ جات اور مشینری کی درآمد پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے ، اس لیے روپے کی قدر میں کمی کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے غیرضروری اور پرتعیش اشیا ء کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک، بالخصوص چین کے ساتھ مقامی کرنسی میں تجارت سے ڈالر پر انحصار اور تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر پر دبائو بھی نمایاں طور پر کم ہوجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں