قومی کمیٹی کا پانچواں اجلاس

چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی 13ویں قومی کمیٹی کا پانچواں اجلاس شروع

بیجنگ (عکس آن لائن) چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی 13ویں قومی کمیٹی کا پانچواں اجلاس بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں جمعہ کے روز شروع ہوگیا۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ سمیت اعلیٰ ملکی رہنماؤں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اجلاس میں چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے تقریباً دو ہزار مندوبین شریک ہوئے ۔چینی میڈ یا کے مطا بق اجلاس میں سب سے پہلے چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی 13ویں قومی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔ چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ یانگ نے چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی 13ویں قومی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے رپورٹ پیش کی۔ وانگ یانگ نے کہا کہ 2021 کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور ملک کی تاریخ میں سنگِ میل کا حامل سال تھا۔ سال 2022 ایک جدید سوشلسٹ ملک کو جامع طور پر تعمیر کرنے اور دوسرے صد سالہ ہدف کی طرف سفر کے آغاز کےلیے ایک اہم سال ہے۔ رواں سال کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں قومی کانگریس کا انعقاد ہوگا۔

وانگ یانگ نے اس بات پر زور دیا کہ سی پی پی سی سی نے مختلف تاریخی ادوار میں چینی عوام کے عظیم اتحاد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نئے عہد میں سی پی پی سی سی کی ذمہ داریوں اور مشنز کو سنجیدگی سے پورا کرنے، نظام کے فوائد کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے تاریخی عمل میں مزید طاقتوں کو جمع کرنے کی ضرورت ہے۔ سی پی پی سی سی کے مشاورتی فوائد کا بہتر استعمال کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے اتفاق رائے حاصل کیا جائے اور اتفاق رائے سے اتحاد کو مستحکم کیا جائے اور ایک ایسا ماحول قائم کیا جائے جس میں تمام چینی بیٹے اور بیٹیاں ایک مشترکہ ہدف کے لیے کوشش کریں ۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی، نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی اور ریاستی کونسل کے متعلقہ محکموں کے اہل کاروں کو افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ چین میں تعینات غیر ملکی سفیر بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں